اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے پورا ملک جام کرنے کا اعلان کردیا۔ ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ پوری قوم سے سڑکوں پرآنے اور ملک بھرمیں راستوں کو بلاک کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔
وڈیو میں ان کا کہناتھاکہ 26 نومبر 2026 کو سرگودھامیں عظیم الشان کانفرنس کا اعلان کیا گیا تھا ،وہ بدستور برقرارہے، قافلے پہنچ رہے ہیں ، لیکن لاہور میں میری رہائش گاہ پر کنٹینرزکھڑے کرکے ہماری نقل وحرکت کو محدودکردیاگیاہے، موٹروے اور سرگودھا جانے والے تمام راستے مسدود ہیں۔شہرمیں کرفیو کا سماں ہے، پنڈال پر پولیس کا قبضہ ہے، کارکنوں کو ملک بھرمیں گرفتار کیا جارہاہے۔ رہنما حراست میں اور نظربندہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا مزید کہناہہے کہ ہم جلسہ گاہ تک پہنچیں یا نہ پہنچیں لیکن تمام صوبوں کے کارکنوں اور عوام سڑکوں پر آکر تمام راستے بندکردیں، ہائی ویز اور موٹر ویز روک دیں ۔جلسہ نہ کرنے دینے پر احتجاج کریں۔ تشدد کیوں ہورہاہے، یہ قابل قبول نہیں۔کوہستان سے چمن تک کارکن باہر نکلیں اور احتجاجاً راستے بندکردیں۔
اس سے قبل سرگودھا جلسہ اور جے یو آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں سے متعلق اپنے ایک بیان میں ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری ،امیر پنجاب مولانا امجد خان اور ،مرکزی صدر جےٹی آئی ملک اویس کو پنجاب پولیس نے گرفتار کر لیا، حکومت ہوش کے ناخن لے فی الفور رہا نہ کیا تو حالات کی ذمہ داری پنجاب حکومت پر ہوگی، کیا ملک میں مارشل لاء لگ چکا ہے ؟ سیاسی اجتماعات پر پابندی کیوں لگائی جارہی ہے۔
ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ مریم بی بی خود تو جلسے جلوس کررہی ہے، کیا اپوزیشن جماعتوں کو جلسوں کا حق حاصل نہیں، آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر جدوجہد کرنے کو ہماری کمزوری سمجھا جا رہا ہے، ہائبرڈ نظام کی جمہوریت کا چہرہ عیاں ہو گیا ہے، مولانا عبد الغفور حیدری ممبر قومی اسمبلی ہیں ،کیا ان کی گرفتاری سپیکر قومی اسمبلی کی اجازت سے کی گئی ہے۔
ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ حکومت فوری طور پر گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کو رہا کرے، بغیر وارنٹ گرفتاریاں اس ملک کے جمہوری نظام کے منہ پر طمانچہ ہیں، مولانا عبدالغفور حیدری کی صحت کے حوالے سے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی، جےیوآئی کے دیگر عہدیداران کے گھروں پر بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔
جنرل سیکریٹری پنجاب نصیر احرار نے کہا کہ حکومت ہمارے گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کو جلد ازجلد رہا کرے، ہم پر امن ہوکر تھوری دیر میں سرگودھا جلسہ کی جانب روانہ ہونگے، جی ٹی روڈ، موٹر وے اور دیگر راستے بند کرکے عوام کو تنگ کیا جا رہا ہے، ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
ضلع سرگودھا کی انتظامیہ نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت نو افراد کے ضلع کی حدود میں داخل ہونے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اسی طرح لگ بھگ 19 افراد بشمول علما کے تقاریر کرنے پر بھی پابندی عائد کرنے کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام ف نے آج (26 نومبر) سرگودھا میں جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے، جس سے مولانا فضل الرحمان نے بھی خطاب کرنا ہے۔
سرگودھا کی انتظامیہ کے مطابق یہ اقدامات ضلعی پولیس کی رپورٹ پر اور امن و امان کے خدشات کے پیش نظر اٹھائے گئے ہیں اور ان فیصلوں کے باقاعدہ نوٹیفکیشنز جاری کر دیے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ سرگودھا انتظامیہ کی جانب سے پہلے ہی ضلع میں دفعہ 144 کا نفاذ کرتے ہوئے ہر قسم کے اجتماعات، جلسوں اور ریلیوں پر پابندی عائد کی گئی تھی۔تاہم، جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان لاہور کی پارک ویو سوسائٹی سے سرگودھا کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔سرگودھا میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے آج اعلان کردہ جلسے کے موقع پر موٹرویز اور شہر کی جانب جانے والے راستے بند کر دیے گئے ہیں، پارٹی قیادت نے ان اقدامات کو جلسے میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے ملک گیر احتجاج کی کال دی ہے۔
جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے الزام عائد کیا ہے کہ پنجاب انتظامیہ سرگودھا کانفرنس کو ناکام بنانے کے لیے ’اوچھے ہتھکنڈے‘ استعمال کر رہی ہے۔
ان کے مطابق سرگودھا جانے والے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں اور دھند کو جواز بنا کر موٹروے بند رکھی گئی، جبکہ مختلف مقامات پر پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔تاہم سرکاری مؤقف کے مطابق نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی ٹریول ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ موٹروے ایم ٹو پر کوٹ مومن انٹرچینج کو صبح ساڑھے گیارہ بجے سے شام ساڑھے پانچ بجے تک چھ گھنٹوں کے لیے بند رکھا گیا ہے۔
ایس پی انویسٹیگیشن سرگودھا عمران عباس چدھڑ نے بتایا کہ کوٹ مومن انٹرچینج کو اعلیٰ حکام کی ہدایات پر بند کیا گیا ہے اور صورتحال معمول پر آنے کے بعد اسے دوبارہ کھول دیا جائے گا۔
جمعرات کی صبح پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کے باعث ایم ٹو سمیت مختلف موٹرویز بند کر دی گئی تھیں، تاہم موٹروے پولیس کے مطابق حدِ نگاہ بہتر ہونے پر دوپہر کے وقت بیشتر بند راستے دوبارہ کھول دیے گئے تھے۔
جے یو آئی کے ترجمان کے مطابق تمام تر حکومتی اقدامات کے باوجود جمعیت علمائے اسلام سرگودھا میں جلسے کا انعقاد کرے گی۔جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے سرگودھا میں ہونے والے اس جلسے کو تحفظ آئین پاکستان و عوامی حقوق کانفرنس کا نام دیا گیا ہے جس سے دیگر رہنماؤں کے علاوہ سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن بھی خطاب کریں گے۔
ڈپٹی کمشنر سرگودھا کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق دفعہ 7 (1) کے تحت جن نو علما کے سرگودھا ضلع میں داخلے پر ایک ماہ کےلیے پابندی عائد کی گئی ہے ان میں مولانا فضل الرحمان، مولانا نصیر احمد ابرار، مولانا امجد خان، مولانا صفیع اللہ، پروفیسرغضنفر عزیز، مولانا محمد نور خان، مولانا محمد زکریا شاہ، مولانا محمد یحیی، مولانا محمد جمیل عبد الناصر شامل ہیں۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ یہ نو علما نہ تو ضلع سرگودھا کی حدود میں داخل ہو سکتے ہیں، نہ وہاں رہائش اختیار کر سکتے ہیں اور نہقیام۔پابندی لگانے کی وجوہات یہ بتائی گئی ہیں کہ پولیس رپورٹ کے مطابق، ان افراد کی جانب سے ایسے اشتعال انگیز اور قابلِ اعتراض خطابات کرنے کا سابقہ ریکارڈ موجود ہے جو امنِ عامہ کےلیے نقصان دہ ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وہ انتہائی جذباتی اور اشتعال انگیز انداز میں تقریر کرنے والے مقررین ہیں۔ ان کی تقاریر ہمیشہ اشتعال دلانے والی اور بھڑکانے والی ہوتی ہیں اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر لوگوں کا ہجوم اکٹھا کریں گے اور ریاست اور اس کے اداروں کے خلاف عوامی جذبات کو بھڑکائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر سرگودھا کی جانب سے جاری کردہ ایک دوسرے نوٹیفکیشن کے ذریعے ضلع کے 19 مقامی علما اور مذہبی رہنماؤں کی تقاریر پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سرگودھا تحصیل کے 11، کوٹ مومن کے 5، سلانوالی کے دو اور شاہ پور کے ایک عالم کی تقاریر پر پابندی عائد کی ہے۔ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے دفعہ 5 (1) کے تحت پابندی کا حکم جاری کیا ہے، اس پابندی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا، اور یہ حکم نامہ 30 روز کے لیے نافذ العمل رہے گا۔
آپ کا تبصرہ